اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی آئی اے کی 135 ارب روپے میں فروخت کو ملکی معیشت میں بڑھتے ہوئے اعتماد کا ایک اہم نشان قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نجکاری کے عمل سے نہ صرف حکومت کو سرکاری اداروں کے ہزاروں کھربوں روپے کے نقصان سے نجات ملے گی بلکہ معیشت کی بحالی کا عمل بھی تیز ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ نجکاری کمیشن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کی کامیاب ٹرانزیکشن مستقبل میں مزید کامیابیوں کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔ وزیر دفاع نے سول ایوی ایشن کی محنت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یورپ اور برطانیہ کی طرف سے پی آئی اے پر عائد پابندیوں کا خاتمہ اس کامیاب ٹرانزیکشن کی بڑی وجہ رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ "ماضی میں پی آئی اے کی بولی صرف 10 ارب روپے تھی، لیکن آج 135 ارب روپے کی قیمت ہماری سول ایوی ایشن ریگولیٹر پر اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔" خواجہ آصف نے پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت نے پی آئی اے کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، مگر اب تین سال کی محنت کے بعد پی ٹی آئی کے چھوڑے ہوئے کھنڈروں پر نئی عمارت تعمیر ہو رہی ہے۔