اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف، عمران خان، کو 24 فروری کو اڈیالہ جیل سے پمز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا آنکھ کے علاج کے سلسلے میں فالو اپ پروسیجر کیا گیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق، عمران خان کو اینٹی وی ای جی ایف انٹرا وٹرئیل انجکشن کی دوسری ڈوز دی گئی۔
پمز ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے بتایا کہ پروسیجر کے دوران، کارڈیالوجسٹ کنسلٹنٹ نے عمران خان کی ایکوگارڈیوگرافی اور ای سی جی کی، جن کے نتائج نارمل آئے۔ ہسپتال میں ان کا قیام اور علاج کے دوران ان کی صحت مستحکم رہی۔ کنسلٹنٹ فزیشن نے انہیں طبی طور پر مستحکم قرار دیا۔
پروسیجر میں پمز اور شفا آئی ہسپتال کے ماہر اوفتھلمولوجسٹ اور وائٹریو ریٹینل سرجن کی رہنمائی حاصل تھی۔ اس عمل کو ڈے کیئر سرجری کے طور پر انجام دیا گیا اور اس سے پہلے ایک اسپیشلسٹس کے بورڈ نے مکمل معائنہ کیا۔
ہسپتال اعلامیے کے مطابق، تمام ضروری ہدایات، نسخے اور فالو اپ مشوروں کے ساتھ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔