نیویارک: جیفری ایپسٹین سے متعلق منظر عام پر آنے والی فائلز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ ملانیا کے نام بھی شامل ہیں۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، ان فائلز میں ٹرمپ سے جڑے کم از کم 11 افراد کے نام بار بار سامنے آئے ہیں۔ اگرچہ ان پر الزامات کے کوئی ثبوت موجود نہیں، لیکن کچھ افراد پر جھوٹ بولنے اور غیر اخلاقی رویوں کے الزامات ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایپسٹین فائلز میں 10 لاکھ سے زیادہ حوالہ جات ہیں، جن میں سے 5300 فائلیں سنسر کی گئی ہیں۔ ان فائلز میں ماراے لاگو کلب سے 38 ہزار سے زائد حوالہ جات بھی شامل ہیں۔ کانگریس کے رکن جیمی ریسکن کے مطابق، اس مواد میں کئی اہم شخصیات کے نام ہیں، جن میں ٹرمپ کے قریبی لوگ شامل ہیں۔
ایف بی آئی کی ٹپ شیٹ میں بھی ٹرمپ کا نام جنسی زیادتی کے کئی معاملات میں آیا ہے۔ اس کے علاوہ، کامرس سیکرٹری ہاورڈ لٹنک کے ایپسٹین سے کاروباری اور خاندانی روابط کی تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں۔ ڈاکٹر مہمت اوز اور ان کی اہلیہ نے 2016 میں ایپسٹین کو ویلنٹائن تقریب میں مدعو کیا تھا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ٹام باراک، جان فیلن اور رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کے نام بھی متعدد فائلز میں شامل ہیں۔ اسی طرح، ممکنہ فیڈرل ریزرو چیئرمین کیون وارش بھی 2010 کی ایک پارٹی میں ایپسٹین کے ساتھ موجود تھے۔