کولمبو: : ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان کی ٹیم کا دوسرا بڑا امتحان آج ہوگا، جب گرین شرٹس کا مقابلہ انگلینڈ سے پالی کیلے سٹیڈیم میں ہوگا۔ میچ شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا اور پاکستان کے لیے انگلینڈ کو ہرا کر سیمی فائنل تک پہنچنے کی راہ ہموار کرنا انتہائی ضروری ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر ایک میچ کے بعد پاکستان کے صرف ایک پوائنٹ ہے، جبکہ انگلینڈ نے 2 پوائنٹس حاصل کیے ہیں اور اس کا رن ریٹ بھی مثبت 2 اعشاریہ 55 ہے۔ پاکستان کو سیمی فائنل کی امیدیں برقرار رکھنے کے لیے انگلینڈ کو شکست دینی ہوگی۔
قومی ٹیم نے میچ سے قبل پریکٹس سیشن کیا جس میں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں۔ اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ٹیم کا مورال بلند ہے اور وہ انگلینڈ کو سخت مقابلہ دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس کوالٹی سپنرز ہیں اور عثمان طارق کی باؤلنگ بہت اچھی ہو رہی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کا پہلا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف بارش کی نذر ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا۔