Get Alerts

وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ قطر: دفاعی تعاون اور تجارتی شراکت داری مزید مستحکم کرنے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ قطر: دفاعی تعاون اور تجارتی شراکت داری مزید مستحکم کرنے پر اتفاق

دوحہ/اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے دورہ قطر کے دوران دوحہ میں قطر کے نائب وزیراعظم و وزیر مملکت برائے دفاعی امور اور وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت سے اہم ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دفاع، سیکیورٹی، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا عزم دہرایا گیا۔
وزیراعظم سے قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمن بن حسن بن علی الثانی نے ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں نے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
 قطری وزیر دفاع نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید گہرا کرنے میں قطر کی بھرپور دلچسپی ظاہر کی۔ملاقات میں ایران اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
وزیراعظم نے قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت اور پا ک  ،قطر جوائنٹ بزنس ٹاسک فورس کے چیئرمین ڈاکٹر احمد بن محمد السید سے بھی تفصیلی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان سے قطر کو زرعی مصنوعات، کھانے پینے کی اشیاء اور ویلیو ایڈڈ اشیاء کی برآمدات بڑھانے کی ضرورت ہے۔
 وزیراعظم نے پاکستان میں سرمایہ کاری دوست اصلاحات اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے میں SIFC کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔دونوں فریقین نے اتفاق کیا کہ رمضان المبارک کے دوران ایک مشترکہ ٹاسک فورس کا اجلاس بلایا جائے گا تاکہ پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کے لیے ٹھوس اور عملی تجاویز پر غور کیا جا سکے۔دونوں ممالک نے پاکستان قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کے فیصلوں پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا ہے، جس سے آنے والے مہینوں میں دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی اور اسٹریٹجک تعلقات میں بڑی پیش رفت متوقع ہے۔

ٹیگز: