مری :مری میں برف باری کا سلسلہ تھم گیا ہے اور موسم مکمل طور پر صاف ہو چکا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ملکۂ کوہسار کے راستے جلد کھولنے کا امکان ہے، تاہم برف باری کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں تاحال برف سے ڈھکی ہوئی ہیں۔ مری میں مزید گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ جھیکا گلی سے ملحقہ ایم آئی ٹی روڈ کو کلیئر کر کے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
دوسری جانب چترال، لوئر دیر، بابوسر ٹاپ، ناران اور کاغان میں شدید برف باری کے باعث نظامِ زندگی متاثر ہو گیا ہے۔ کوئٹہ، زیارت اور چمن سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی برف باری ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں جھیلیں، سڑکیں، گھروں کی پانی کی ٹینکیاں اور نلکے جم گئے ہیں۔
آزاد کشمیر میں چکوٹھی، لیپا ویلی، گنگا چوٹی اور دیگر علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ این ڈی ایم اے نے پہاڑی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔