اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک نے جعلی ویزا نیٹ ورک کے خلاف مشترکہ کریک ڈاؤن اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں پری امیگریشن کلیرنس نظام کی افادیت پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً پولیس کی ٹریننگ میں اشتراک بڑھانے پر زور دیا گیا۔ دونوں ممالک نے جعلی ویزا نیٹ ورکس کے خلاف جامع ایس او پیز کے تحت مشترکہ کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا۔
وفاقی وزیر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے ایجنٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی ہے اور اس ضمن میں امریکی تعاون کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جعلی ویزا نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور پاسپورٹ سسٹم کو جدید ٹیکنالوجی سے محفوظ بنایا گیا ہے۔
امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے اور دونوں ممالک میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی کوششیں جاری رہیں گی۔