لاہور : مون سون کے سپیل کا سلسلہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں جاری ہے، جس سے نہ صرف گرمی اور حبس میں کمی آئی بلکہ متعدد مشکلات بھی پیدا ہو گئیں۔ لاہور میں موسلادھار بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں پانی جمع ہو گیا اور کئی مقامات پر بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ اسلام پورہ، گلشن راوی، مال روڈ، لوئر مال، مزنگ اور انارکلی سمیت دیگر نشیبی علاقوں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس سے نالہ لئی میں پانی کی سطح 10 فٹ تک بلند ہوگئی۔ راول ڈیم میں پانی کی سطح 1 ہزار 749 فٹ تک پہنچنے کے بعد سپل ویز کھول دیے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مزید شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، اور این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مون سون بارشوں کے دوران مجموعی طور پر 252 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں 121 بچے، 85 مرد اور 46 خواتین شامل ہیں۔ سب سے زیادہ اموات پنجاب میں 139، خیبر پختونخوا میں 60، سندھ میں 24، بلوچستان میں 16، اسلام آباد میں 6، اور آزاد کشمیر میں 2 افراد کی ہوئیں۔
مقامی حکام کی جانب سے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے، اور سیلابی صورتحال سے بچنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے اقدامات کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔