Get Alerts

مون سون بارشیں :پی ڈی ایم اے کی فیکٹ شیٹ جاری 143 شہری جاں بحق، 200 گھر متاثر

 مون سون بارشیں :پی ڈی ایم اے کی فیکٹ شیٹ جاری 143 شہری جاں بحق، 200 گھر متاثر

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے تحت پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے حوالے سے فیکٹ شیٹ جاری کر دی ہے۔

فیکٹ شیٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جن میں سرگودھا میں 69 ملی میٹر، نورپور تھل 59 ملی میٹر، منڈی بہاؤالدین 50 ملی میٹر، حافظ آباد 44 ملی میٹر اور شیخوپورہ میں 32 ملی میٹر بارش شامل ہے۔ لاہور، نارووال، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارشیں ہوئی ہیں۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں لاہور، راولپنڈی اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے اور مون سون کا چوتھا سلسلہ 25 جولائی تک جاری رہ سکتا ہے۔

ادارے نے صوبے کے دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کے خدشات ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب موجود ہے جبکہ تربیلا اور تونسہ پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ دریائے چناب، راوی، جہلم اور ستلج میں پانی کی سطح معمول کے مطابق ہے۔ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 53 فیصد جبکہ تربیلا ڈیم میں 79 فیصد ہے۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب میں مون سون بارشوں کے باعث اب تک 143 شہری جاں بحق ہو چکے ہیں، 200 گھر متاثر اور 488 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ چھت گرنے، آسمانی بجلی گرنے، کرنٹ لگنے اور دریاؤں میں نہاتے ہوئے ڈوبنے سے بھی اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ 121 مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صوبے بھر کی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو ہنگامی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے 24 گھنٹے کنٹرول روم اور ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو فعال رکھا ہے تاکہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا سکے۔

ادارے نے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی پر خصوصی توجہ دینے، دریاؤں اور برساتی نالوں میں نہانے پر مکمل پابندی عائد کرنے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے اور بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے دور رہنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ تمام ہنگامی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ہنگامی صورت حال میں فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔

پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم اور ہیلپ لائن نمبر 1129 24 گھنٹے معلومات فراہم کر رہا ہے۔

ٹیگز: