Get Alerts

پنجاب میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے اہم اقدامات

پنجاب میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے اہم اقدامات

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس ہوا جس میں پنجاب میں ہائر ایجوکیشن کے شعبے میں اصلاحات اور معیار تعلیم کی بہتری کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ برطانیہ، کوریا اور قازقستان سمیت متعدد غیر ملکی یونیورسٹیاں پنجاب میں کیمپس قائم کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں، جو صوبے میں بین الاقوامی معیار کی تعلیم کے فروغ کا باعث بنے گا۔

وزیراعلیٰ نے سرکاری کالجز میں کالج مینجمنٹ کونسلز کے قیام کی منظوری دی تاکہ انتظامی نظام کو مزید موثر بنایا جا سکے۔ پنجاب کی یونیورسٹیوں میں تعلیم کے معیار کو جانچنے کے لئے کے پی آئی (Key Performance Indicators) سسٹم نافذ کیا جائے گا، جس کے تحت وائس چانسلرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

تعلیمی اداروں میں اچانک معائنوں کے لیے ایجوکیشن ویجی لینس سکواڈ بھی قائم کیا جائے گا جو حاضری، صفائی اور تعلیمی معیار کی نگرانی کرے گا، اور وزیر تعلیم کی زیر نگرانی اس سکواڈ کی رپورٹ پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پنجاب کی یونیورسٹیوں کو معیار تعلیم کی بنیاد پر گرین، بلیو، ییلو اور گرے رینکنگ میں تقسیم کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے، جبکہ غیر فعال کامرس کالجز اور انڈر پرفارمنگ کالجز کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔

اجلاس میں سی ایم پنجاب ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ سکیم کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ دیگر صوبوں کے 19 ہزار سے زائد طلبہ نے لیپ ٹاپ سکیم میں درخواستیں دی ہیں۔

ہائر ایجوکیشن کا سٹریٹجک پلان 2025-29 کا جائزہ لیتے ہوئے گورننس ریفارمز، ادارہ جاتی خودمختاری، تدریسی معیار میں بہتری، تخلیقی تحقیق، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور گلوبل روابط کو ترجیحات میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پنجاب میں پہلی ہائر ایجوکیشن کانفرنس کے انعقاد کی اصولی منظوری بھی اجلاس میں دی گئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہائر ایجوکیشن کے شعبے میں اصلاحات پر خصوصی توجہ دینے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ تعلیم کے شعبے میں معیار بلند کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ٹیگز: