میرپور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کو اپنا پہلا گھر سمجھتا ہوں، میرپور کے عوام کا جذبہ دیکھ کر خوشی ہوئی، ان شاء اللہ انتخابات میں یہاں سے بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔
میرپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں اختلافات اور نوک جھونک ہوتی رہتی ہے، لیکن تلخی اور نفرت نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفت اپنی جگہ، مگر ملک اور عوام کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ ان کے دور میں شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبے بعد میں ادھورے رہ گئے اور آزاد کشمیر میں وہ ترقی نہیں ہوئی جس کی توقع تھی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنی تو میرپور اور آزاد کشمیر کی تقدیر بدلنے کے لیے ترقیاتی کام اپنی نگرانی میں مکمل کرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں موٹروے، صحت کے منصوبے، دل اور کینسر ہسپتال، نوجوانوں کے لیے تعلیم، وظائف اور لیپ ٹاپ پروگرام سمیت مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ میرپور کے عوام کے لیے گیس، پینے کے پانی، جدید سفری سہولیات اور انٹرنیشنل ایئرپورٹ جیسے منصوبوں پر توجہ دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کی طرز پر آزاد کشمیر میں بھی عوامی سہولیات کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
نوازشریف نے کہا کہ ترقی کا دوسرا نام مسلم لیگ (ن) ہے اور انتخابات میں میرپور کے عوام بھرپور حمایت کریں گے۔