اسلام آباد: ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے کراچی کو وفاقی ٹیریٹری قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر اس وقت متعدد مسائل کا شکار ہے اور اس کے لیے خصوصی انتظامی اقدامات کی ضرورت ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ آئین کی بالادستی ناگزیر ہے اور ملک کو ایک نئے عمرانی معاہدے کی جانب بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی تمام شقیں یکساں اہمیت کی حامل ہیں اور ان پر مکمل عملدرآمد ضروری ہے۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے، اس لیے شہر کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی کو وفاقی ٹیریٹری کا درجہ دینے پر غور کیا جائے۔
آزاد کشمیر کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ اگر قومی مصالحت کے ذریعے معاملات حل نہ کیے گئے تو کراچی میں بھی ایکشن کمیٹی تشکیل دی جا سکتی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سیاسی مفاہمت، آئین کی پاسداری اور قومی اتفاقِ رائے کی ضرورت ہے۔