اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان تکنیکی مذاکرات آئندہ ہفتے دوبارہ ہوں گے، جن میں پاکستان بھی شریک ہوگا۔
دفتر خارجہ میں بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ فریقین کے درمیان مذاکرات کا جاری رہنا ہی ایک مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران تین ورکنگ گروپس بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق پہلے ورکنگ گروپ کا تعلق ایران کے نیوکلیئر پروگرام سے ہوگا، جبکہ دوسرا گروپ ایران پر عائد پابندیوں اور منجمد اثاثوں کے معاملے کا جائزہ لے گا۔ تیسرے گروپ میں لبنان میں جنگ بندی اور امن کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان نے ایران امریکا مذاکرات میں تاریخی کردار ادا کیا ہے اور امن معاہدے کی کوششوں میں اپنا کردار جاری رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کا حامی رہا ہے۔