Get Alerts

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی چینی ہم منصب وانگ یی سے ٹیلیفونک گفتگو، سی پی سی کی 105ویں سالگرہ پر نیک تمناؤں کا اظہار

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی چینی ہم منصب وانگ یی سے ٹیلیفونک گفتگو، سی پی سی کی 105ویں سالگرہ پر نیک تمناؤں کا اظہار

اسلام آباد: پاکستان اور چین نے عالمی و علاقائی تنازعات کے حل کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ دونوں ممالک کشیدگی کے خاتمے اور دیرپا امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور انہیں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے 105ویں یومِ تاسیس پر مبارک باد پیش کی۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری امن عمل اور سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں پاکستان اور قطر کی سہولت کاری سے ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات کے پہلے مرحلے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت ثالثی عمل کی نگرانی اور پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جوہری معاملات، پابندیوں، نگرانی اور تنازعات کے حل سے متعلق تین الگ الگ ورکنگ گروپس بھی تشکیل دیے گئے ہیں، جو آئندہ 60 روز کے دوران فریقین کے درمیان جامع اور حتمی معاہدے کے لیے سفارشات مرتب کریں گے۔

نائب وزیراعظم نے امن کے فروغ کے لیے چین کی مستقل حمایت کو سراہتے ہوئے صدر شی جن پنگ کے چار نکاتی امن وژن اور پاک۔چین پانچ نکاتی امن اقدام کو خطے میں استحکام کے لیے اہم قرار دیا۔

چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے ایران۔امریکا مذاکرات میں پیش رفت، کامیاب ثالثی اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے حوالے سے پاکستانی قیادت کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے سفارتی کردار، فعال رابطوں اور مصالحتی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

وانگ یی نے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کے لیے چین کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق اختلافات اور تنازعات کا حل صرف پرامن ذرائع سے نکالا جانا چاہیے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین آئندہ بھی قریبی رابطے اور تعاون کے ذریعے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے تاکہ خطے میں پائیدار امن، مشترکہ ترقی، خوشحالی اور استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔

ٹیگز: