ملک بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد903 ہو گئی

ملک بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد903 ہو گئی
کیپشن: صوبہ سندھ اور گلگت بلتستان کی حکومت کے بعد صوبہ پنجاب نے بھی لاک ڈاؤن کر دیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: ملک بھر میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد903 ہو گئی جب کہ سندھ بھر میں یہ تعداد 394 تک جاپہنچی تاحال 6 مریض جاں بحق اور 6 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس سے متعلق حکومتی ویب سائیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 127 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 903 ہوگئی ہے۔

سندھ میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 394، پنجاب میں 265، بلوچستان میں 110، گلگت بلتستان میں 80، خیبر پختونخوا میں 38 جب کہ اسلام آباد میں 15 ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے تحت گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں اس وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے جب کہ 6 افراد صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو جاچکے ہیں۔

صوبہ سندھ اور گلگت بلتستان کی حکومت کے بعد صوبہ پنجاب میں بھی کرونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

قومی ایئرلائن پی آئی اے نے کرونا وائرس کے پیش نظر اپنی بین الاقوامی پروازوں کے آپریشنز کو 4 اپریل تک معطل کر دیا ہے۔ پی آئی اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومتی احکامات کیساتھ ساتھ تقریباً تمام ممالک کی جانب سے عائد کی گئی سفری پابندیوں کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔