لاہور : چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ (PSL) کے گیارہویں ایڈیشن میں شریک ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تمام معزز مہمانوں کا خود استقبال کیا اور کرکٹ کے فروغ کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔
تقریب کی خاص بات پی ایس ایل 11 کی چمکتی دمکتی ٹرافی کی رونمائی تھی، جس نے شرکاء کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائے رکھی۔ اسی دوران لیگ کا آفیشل ترانہ بھی لانچ کیا گیا، جس کی دھنوں پر کھلاڑیوں اور شائقین نے خوب جوش و خروش کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل اب ایک ٹاپ انٹرنیشنل برانڈ بن چکا ہے اور ہمارا مقصد اسے دنیا کی بہترین لیگ بنانا ہے۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ خطے کی موجودہ صورتحال اور قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل 11 کے شیڈول اور دائرہ کار کو محدود رکھا گیا ہے، لیکن کھیل کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔