اسلام آباد: ڈبلیو بی او ورلڈ باکسنگ چیمپئن عثمان وزیر پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو باکسنگ کی تربیت فراہم کر رہے ہیں، تاکہ وہ اس کھیل میں مہارت حاصل کر سکیں۔
نجی ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے عثمان وزیر نے بتایا کہ ہانیہ اس وقت باقاعدہ ٹریننگ لے رہی ہیں اور باکسنگ میں غیر معمولی دلچسپی اور صلاحیت دکھا رہی ہیں۔ عثمان وزیر نے کہا:
"ہانیہ ایک ماہر فائٹر ہیں اور جلد ہی مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے تیار ہو جائیں گی۔"
اس موقع پر عثمان وزیر نے حکومت کی جانب سے وعدہ کی گئی مالی معاونت نہ ملنے پر بھی شکوہ کیا، جبکہ انہوں نے اپنی کامیابیوں کے حوالے سے بھارت کے حریفوں کو شکست دینے کی مثال بھی دی۔
انٹرویو کے دوران سابق قومی کرکٹر شاہد آفریدی نے بھی رابطہ کیا اور عثمان وزیر کی کارکردگی کو سراہا۔ شاہد آفریدی نے اپنی فاؤنڈیشن کے ذریعے عثمان وزیر کی معاونت کا اعلان کیا اور کہا کہ ایسے باصلاحیت اور محنتی کھلاڑیوں کی حمایت سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
واضح رہے کہ عثمان وزیر پاکستان کے ابھرتے ہوئے باکسر ہیں، جنہوں نے اپنی مہارت اور محنت کے ذریعے عالمی سطح پر اپنی پہچان بنائی ہے۔