اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت اب میٹرو بس پر سفر کے لیے فی کس کرایہ 100 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
نئی کرایہ پالیسی کا اطلاق 26 مئی 2025 سے ہوگا، جو کہ اورنج لائن، گرین لائن، بلیو لائن اور الیکٹرک فیڈر روٹس پر یکساں طور پر لاگو ہوگی۔
اس سے قبل مختلف روٹس پر کرایہ 50 سے 90 روپے کے درمیان تھا، تاہم متعلقہ حکام کے مطابق کرایوں میں اضافہ ایندھن کی بڑھتی قیمتوں، آپریشنل اخراجات اور سروس کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ناگزیر تھا۔
شہریوں نے اس فیصلے پر مخلوط ردعمل دیا ہے۔ کچھ نے اسے مہنگائی کے مارے عوام پر مزید بوجھ قرار دیا، جبکہ بعض شہریوں کا کہنا ہے کہ بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کرایے میں اضافہ قابلِ قبول ہے۔
انتظامیہ نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے کرایہ نظام سے سروس کی پائیداری اور معیار میں بہتری ممکن ہو سکے گی۔