Get Alerts

لاہور اور گردونواح میں مٹی کا طوفان، آندھی اور کالے بادلوں نے دن کو رات میں بدل دیا

لاہور اور گردونواح میں مٹی کا طوفان، آندھی اور کالے بادلوں نے دن کو رات میں بدل دیا

لاہور:صوبائی دارالحکومت لاہور اور گردونواح کے علاقوں میں ہفتے کی سہ پہر اچانک مٹی کا شدید طوفان آیا، جس کے ساتھ تیز آندھی اور کالے بادل چھا گئے۔ موسم کی اس اچانک تبدیلی نے دن کے اجالے کو تاریکی میں بدل دیا اور شہر کا منظر نامہ یکسر تبدیل ہو گیا۔

تیز ہواؤں کے باعث کئی علاقوں میں درخت جڑوں سے اکھڑ گئے جبکہ بعض مقامات پر سائن بورڈز اور کمزور چھتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ شہریوں کو نہ صرف حدِ نگاہ میں کمی کا سامنا کرنا پڑا بلکہ گرد و غبار کے باعث سانس لینے میں دشواری بھی محسوس کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہواؤں کی رفتار 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ اگلے چند گھنٹوں کے دوران بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔

آندھی اور طوفانی ہواؤں کے باعث شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، جب کہ ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا ہوا۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں سے محتاط ڈرائیونگ کی اپیل کی ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، اور کھلے علاقوں، درختوں یا بجلی کے کھمبوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔

ٹیگز: