Get Alerts

پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کی سروس میں بڑے پیمانے پر خلل، صارفین پریشان

پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کی سروس میں بڑے پیمانے پر خلل، صارفین پریشان

اسلام آباد: سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) کے صارفین کو پاکستان میں سروس کی بندش اور سست روی کا سامنا ہے، جس پر صارفین نے سوشل میڈیا اور مختلف فورمز پر شدید شکایات کا اظہار کیا ہے۔

سروس مانیٹرنگ ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق ہفتے کی شام 5 بج کر 36 منٹ تک 372 شکایات موصول ہوئیں، جب کہ پورے دن میں مجموعی طور پر 600 سے زائد شکایات درج کی گئیں۔

ایکس کی جانب سے جاری کیے گئے پیغام میں بتایا گیا ہے کہ پلیٹ فارم پر مختلف سروسز میں تکنیکی مسائل درپیش ہیں اور ان کے حل کے لیے انجینئرز کی ٹیم مسلسل کام کر رہی ہے۔ یہ مسائل مسلسل دوسرے دن بھی جاری رہے۔

ایلون مسک کی زیرِ قیادت پلیٹ فارم کے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نے وضاحت کی ہے کہ انہیں اب بھی گزشتہ روز کے ڈیٹا سینٹر کی بندش سے متعلق مسائل کا سامنا ہے، جس کے باعث کچھ صارفین کو لاگ ان، سائن اپ، نوٹیفکیشنز اور پریمیم فیچرز میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔


امریکی ٹیک ویب سائٹ وائرڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی ریاست اوریگن کے شہر ہلزبورو میں واقع ایک ڈیٹا سینٹر، جو ایکس کی جانب سے لیز پر حاصل کیا گیا تھا، میں آگ بھڑکنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہی واقعہ سروس میں خلل کی اصل وجہ ہو سکتا ہے۔ تاہم ایکس کی جانب سے اس دعوے پر کوئی باضابطہ ردِعمل نہیں دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق آگ پر قابو پانے میں ایمرجنسی ٹیموں کو کافی وقت لگا، لیکن یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا سرور آپریشنز متاثر ہوئے یا نہیں۔

ٹیگز: