Get Alerts

پنجاب حکومت کا نیا اقدام :غنڈہ گردی کے خلاف سخت قانون متعارف

 پنجاب حکومت کا نیا اقدام :غنڈہ گردی کے خلاف سخت قانون متعارف

لاہور :  پنجاب حکومت نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے "پنجاب کنٹرول آف غنڈا ایکٹ 2025" کا مسودہ تیار کر لیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق، اس قانون کے تحت غنڈہ عناصر کی قانونی طور پر واضح شناخت ممکن ہو سکے گی اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے گی۔

ترجمان نے بتایا کہ نئے قانون کے تحت ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ کسی بھی شخص کو "غنڈا" قرار دے سکے، بشرطیکہ اس کے خلاف پولیس، انتظامیہ یا حساس اداروں کی رپورٹ یا تحریری شکایت موجود ہو۔

قانون کے تحت منشیات فروشی، جوئے، بھتہ خوری، سائبر کرائم، ہراسانی، جعلی سرکاری عہدے کا استعمال، سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش اور جعلی دستاویزات استعمال کرنے والے افراد کو "غنڈا" قرار دیا جا سکے گا۔

غنڈہ قرار دیے گئے افراد کے خلاف درج ذیل سخت اقدامات کیے جا سکیں گے:بینک اکاؤنٹس منجمد،اسلحہ لائسنس منسوخ،شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک،نو فلائی لسٹ میں نام شامل
قانون کے تحت پہلی بار جرم کے ارتکاب پر 3 سے 5 سال قید اور 15 لاکھ روپے تک جرمانہ جبکہ جرم دہرانے کی صورت میں 7 سال تک قید اور 20 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا دی جا سکے گی۔

ماہرین کے مطابق یہ قانون جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر ہتھیار ثابت ہو سکتا ہے، تاہم اس کے اطلاق میں شفافیت اور بنیادی انسانی حقوق کا خیال رکھنا نہایت ضروری ہوگا۔

ٹیگز: