کورونا وائرس: سندھ حکومت نے کاروبار شام 6 بجے بند کرنے کے احکامات جاری کردیے

Corona virus: Sindh government issues business closure orders at 6 pm
کیپشن: تمام کاروبار صبح چھ سے شام 6 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی: فائل فوٹو

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر نئی پابندیاں عائد کرتے ہوئے کاروبار کیلئے صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق سندھ بھر میں شام 6 بجے تک تمام کاروباری سرگرمیاں بند کرنے کی پابندی ہوگی۔ تاہم میڈیکل سٹورز، ڈاکٹرز اور دیگر اشیائے ضروریہ کی دکانیں اس پابندی سے مثتشنیٰ ہونگی۔

سندھ حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی شہری نے ان پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی تو اسے قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہ پابندیاں گزشتہ روز 23 نومبر سے 31 جنوری 2021ء تک نافذ العمل ہونگی۔

صوبائی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ریسٹورنٹس رات 10 بجے تک کھلیں گے لیکن انھیں ان ڈور کھانا کھلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تاہم کھانا خریدنے اور ہوم ڈیلیوری کی اجازت ہوگی۔

صوبے بھر میں تمام مارکیٹوں، دکانوں اور بازاروں کو صبح چھ بجے سے شام بجے تک اپنے کاروبار بند کرنے کا پابند کیا گیا ہے لیکن ہفتہ کے اختتام پر تمام کاروبار بند رہیں گے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے سینما، تھیٹر، باڈی بلڈنگ جمز، شادی ہالز اور ان ڈور سرگرمیاں سرانجام دینے والے دیگر شعبوں کو مکمل بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری اور نجی آفسز کو پچاس فیصد عملے کو بلانے کی اجازت جبکہ بقایا کو گھروں سے کام کروانے کی اجازت ہوگی، اس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہونا پڑے گا۔

صوبائی حکومت کی جانب سے شادی ہالز کو بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں لیکن کم از کم 2 سو افراد کیساتھ تقریبات کی اجازت ہوگی اور اس کے اوقات کار رات 9 بجے تک ہونگے۔ شادی کے دوران کھانا صرف ڈبوں میں دینے کی اجازت ہوگی۔ عوامی مقامات، دفاتر اور تقریبات میں ماسک کی پابندی لازمی ہوگی، خلاف ورزی پر سخخت جرمانہ ہوگا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت نے بھی کورونا وائرس کی بڑھتے ہوئے کیسوں کے پیش نظر سخت پابندیاں عائد کرتے ہوئے تمام دفاتر میں عملے کو پچاس فیصد کرنے اور کاروبار شام 6 بجے بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔