وزیراعظم آج  نوجوانوں سے خطاب کریں گے

 وزیراعظم آج  نوجوانوں سے خطاب کریں گے

اسلام آباد: (نیو نیوز) وزیراعظم  عمران خان آج  قوم کے نوجوانوں سے خطاب کریں گے۔ عمران خان نے کامیاب جوان سے مستفید ہونے والے نوجوانوں کو بلالیا۔

 
تفصیل کے مطابق وزیراعظم میگا کنونشن میں نوجوانوں سے خطاب کریں گے۔ عمران خان نوجوانوں کیلئے 4 نئے پروگرامز کا آغاز کریں گے، جبکہ 137 یونیورسٹیز میں 25 لاکھ طلباء کیلئے کامیاب جوان مرکز کا آغاز بھی کیا جائے گا۔ طلباء کو کیریر کونسلنگ، اسکالرشپ، جاب پلیسمنٹ، بزنس سینٹر کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں  گی۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے  معاون خصوصی برائے نوجوان امور عثمان ڈار   نے بتایا کہ  وزیراعظم کی جانب سے کھیلوں کے فروغ کیلئے ملک کا سب سے بڑا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام بھی شروع کیا جائے گا، جس میں  12 مختلف کھیلوں میں نیا ٹیلنٹ تلاش کر کے قومی سطح پر لایا جائیگا۔

یاد رہے کہ  رواں ماہ کے آغاز میں  وزیراعظم عمران خان سے عثمان ڈار  نے ملاقات  میں کامیاب جوان اور نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کی کارکردگی رپورٹ پیش کی  تھی ۔

 رپورٹ کے مطابق ، حکومت ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو روزگار ، ہنر اور تکنیکی مہارت فراہم کرنے میں کامیاب ہوئی جبکہ 2 سال میں 35 ارب روپے سے زائد کی رقم نوجوانوں میں تقسیم ہوئی ۔ یوتھ انٹرپینورشپ اسکیم کے تحت 30 ارب روپے کی رقم تقسیم ہوئی ، رقم کی تقسیم ملک بھر کے نوجوانوں میں بلا تفریق میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر ہوئی ۔

 رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کامیاب جوان اسکل اسکالرشپ پروگرام میں بھی 5 ارب روپے جاری کیے گئے ، ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو جدید ہنر اور تکنیکی مہارت سکھائی گئی ۔