Get Alerts

یہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، پاکستان کا بھارتی وزیر دفاع کے سندھ سے متعلق بیان پر سخت ردعمل

یہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، پاکستان کا بھارتی وزیر دفاع کے سندھ سے متعلق بیان پر سخت ردعمل

اسلام آباد :پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے سندھ کے حوالے سے حالیہ بیان کو "حقیقت سے فرار" اور "انتہائی خطرناک ذہنیت" کا عکاس قرار دیتے ہوئے اس پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اس بیان کو بین الاقوامی قانون، تسلیم شدہ سرحدوں، اور ریاستی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا اور بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس طرح کے اشتعال انگیز بیانات سے گریز کرے کیونکہ یہ خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کی قیادت کو اس بات کا شعور ہونا چاہیے کہ ایسے بیانات بین الاقوامی تعلقات اور اصولوں کے خلاف ہیں اور ان سے صرف خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔ مزید برآں، انہوں نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ملک میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ کرے اور ان کے خلاف ہونے والے تشدد پر اکسانے والوں کا محاسبہ کرے۔

پاکستان نے بھارت کے شمال مشرقی خطے میں جاری ریاستی سرپرستی میں تشدد، شناختی جبر اور محرومیوں کا بھی ذکر کیا اور بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنے ملک میں تعصب اور امتیازی رویوں کا خاتمہ کرے، جو اقلیتی گروپوں کے لیے مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی پاکستان نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ جموں و کشمیر کے مسئلے کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تلاش کرے۔ پاکستان نے ایک مرتبہ پھر اپنے موقف کو دہرایا کہ وہ تمام تنازعات کا پرامن حل چاہتا ہے اور اپنی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کے لیے پُرعزم ہے۔

ٹیگز: