اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی شاندار کامیابی پر پارٹی رہنماؤں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی کامیابی نواز شریف کے ویژن اور ان کی بے مثال قیادت کی بدولت ممکن ہوئی۔
وزیراعظم نے خصوصی طور پر اے این 129 میں حافظ محمد نعمان اور این اے 143 چیچہ وطنی میں محمد طفیل جٹ کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ فتح مریم نواز کی محنت اور عوام کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ جیت حکومتی کارکردگی پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے، اور پارٹی کارکنان کی محنت کا نتیجہ بھی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی ضمنی انتخابات میں کامیابی اس بات کا غماز ہے کہ عوام نے ہماری پالیسیوں اور کارکردگی کو سراہا ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی محنت کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہیں تھی۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کی تمام چھ نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جبکہ صوبائی اسمبلی کی 7 میں سے 6 نشستوں پر بھی ن لیگ نے کامیابی حاصل کی۔ اس کے برعکس، پیپلز پارٹی صوبائی اسمبلی کی صرف ایک نشست پر کامیاب ہو سکی۔