لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جب عوام ساتھ کھڑے ہوں تو انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کیا جاتا، اگر دھاندلی کے باعث شکست بھی ہو جائے تو بائیکاٹ کے بجائے دھاندلی کو بے نقاب کرنا چاہیے۔
صوبائی وزراء اور سیکرٹریز کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کبھی ایسی منافقت نہیں دیکھی کہ جب ہار جائیں تو اسے بائیکاٹ قرار دے دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں دھاندلی ہوتی ہے وہاں دنیا خود دیکھتی ہے، اور حالیہ ضمنی انتخابات الیکشن کم اور ریفرنڈم زیادہ تھے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ عوامی خدمت اور کارکردگی سے بڑھ کر کوئی بیانیہ نہیں ہوتا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں پوری ریاستی مشینری مسلم لیگ (ن) کے خلاف استعمال کی گئی، لیکن اس کے باوجود آج عوام نے فیصلہ کارکردگی کی بنیاد پر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پنجاب میں بائیکاٹ کا اعلان کیا جبکہ خیبرپختونخوا میں الیکشن میں حصہ لیا، مگر وہاں بھی انہیں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ قیدی نمبر 804 کے نام پر الیکشن لڑنے کے باوجود ان کی مقبولیت کے دعوے ضمنی انتخابات میں زمین بوس ہوگئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں کامیابی نواز شریف کے نام ہے، اور یہ جیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عوام کی ہے جنہوں نے ایک بار پھر اعتماد کا بھرپور اظہار کیا۔