لاہور : انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے نیب آفس حملہ کیس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ اور دیگر لیگی رہنماؤں کے خلاف اخراج کیس کی رپورٹ منظور کرتے ہوئے سب کو مقدمے سے بری کر دیا۔ عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ملزمان کے خلاف الزامات کے کوئی ٹھوس شواہد نہیں ملے۔
مقدمے کے مطابق، 2020 میں تھانہ چوہنگ میں ڈپٹی ڈائریکٹر نیب محمد اصغر کی مدعیت میں یہ کیس درج کیا گیا تھا، جس میں مریم نواز، رانا ثنا اللہ، کیپٹن (ر) صفدر، بلال یاسین اور دیگر اہم لیگی رہنماؤں کو نامزد کیا گیا تھا۔ الزام تھا کہ مریم نواز کی نیب پیشی کے موقع پر لیگی کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا تھا، تاہم پولیس رپورٹ میں اس الزام کو ثابت کرنے کے لیے کوئی قابل قبول شواہد پیش نہیں کیے جا سکے۔
عدالت نے ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب چودھری اصغر کے بیان کو بھی مسترد کیا، جنہوں نے عدالت میں کہا کہ انہیں اخراج رپورٹ پر کوئی اعتراض نہیں۔ سماعت کے دوران ایس پی معظم علی، ڈی ایس پی ذوالفقار علی بٹ اور ڈی ایس پی محمد خان نے بھی اپنے بیانات میں کہا کہ ملزمان کے خلاف ٹرائل کے لیے کوئی ٹھوس شواہد موجود نہیں ہیں۔
عدالت نے تمام گواہوں اور شواہد کا جائزہ لینے کے بعد پولیس کی اخراج رپورٹ منظور کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔