Get Alerts

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ، سموگ میں اضافے کا خدشہ

 ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ، سموگ میں اضافے کا خدشہ

لاہور :  محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی تبدیلی کی پیشگوئی کی ہے۔ حسب توقع، ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم کچھ پہاڑی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں سردی میں اضافہ ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے کچھ حصوں میں بارش ہونے کی توقع ہے، جبکہ دیر، کوہستان اور سوات میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔ گلگت بلتستان میں جزوی طور پر ابر آلود موسم رہے گا۔

اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، اور مری، گلیات سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں بھی خشک موسم غالب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ملک کے بڑے شہروں، جیسے لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، خانیوال، رحیم یار خان، بہاولپور اور ملتان میں اسموگ کا غلبہ برقرار رہنے کا امکان ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے اسموگ کی صورتحال پر بھی تشویش ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں اسموگ کی سطح میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ خشک موسمی حالات اسموگ کے لیے سازگار ہیں، جس کی وجہ سے مشرقی پنجاب میں اسموگ کی موٹی تہہ چھانے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسموگ میں اضافے سے حد نگاہ متاثر ہو سکتی ہے، جس کے باعث حادثات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اسموگ سے خاص طور پر بچے، بوڑھے اور بیمار افراد زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔

ٹیگز: