Get Alerts

ملک بھر میں بارش، آندھی اور طوفان کا امکان، شہری علاقوں میں سیلاب کا خدشہ

ملک بھر میں بارش، آندھی اور طوفان کا امکان، شہری علاقوں میں سیلاب کا خدشہ

اسلام آباد : نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ 6 سے 10 جولائی کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارش، تیز آندھی اور طوفان کا امکان ہے، جس کے باعث شہری علاقوں میں سیلابی صورتِ حال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

پنجاب کے شہروں اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، اٹک اور جہلم میں طوفان کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے پشاور، دیر، سوات، چترال اور کوہستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بلوچستان کے کوئٹہ، ژوب، زیارت اور قلات میں بھی بادل برسنے کے امکانات ہیں۔

مظفر آباد، وادی نیلم اور راولا کوٹ میں شدید بارش کی توقع ہے جبکہ سندھ کے میرپورخاص، عمرکوٹ، ٹھٹہ، بدین، گھوٹکی، خیرپور، شکارپور، لاڑکانہ، جیکب آباد اور دادو میں بھی موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔ کراچی میں آج ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ بارش لانے والا نیا مون سون سسٹم کل سے دوبارہ ملک میں داخل ہوگا، جس سے مزید بارشوں اور تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ اس سے جہاں گرمی سے کچھ ریلیف ملے گا، وہیں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی قسم کے نقصان سے بچا جا سکے۔

گزشتہ روز بھی ملک کے مختلف علاقوں بشمول کلر کہار، پنڈی بھٹیاں، سانگلہ ہل، چکوال، مظفرگڑھ اور پیر محل میں موسلادھار بارش ہوئی، جس کی وجہ سے کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، جبکہ کراچی میں رم جھم نے موسم خوشگوار بنا دیا۔

ٹیگز: