لاہور : محکمہ موسمیات نے اطلاع دی ہے کہ 28 مئی سے ملک کے بالائی علاقوں میں ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہوگا، جس کے باعث کل شام سے 31 مئی تک شدید آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بعض اضلاع میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
دوسری جانب شمالی علاقہ جات میں گلیشیئرز کے پگھلنے سے تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ جاری ہے اور اس وقت پانی کا ذخیرہ ڈیڈ لیول سے 71 فٹ بلند ہو گیا ہے، جس سے ممکنہ سیلاب کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
ادھر بھارت میں بھی طوفانی بارشوں نے تباہی مچائی ہے، جہاں دہلی ایئرپورٹ بھی بارش کی وجہ سے متاثر ہوا ہے، جس سے آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال کا خیال رکھیں اور حفاظتی اقدامات کریں۔