Get Alerts

پنجاب میں ترقی کا نیا دور شروع ہو چکا ہے ، مریم نواز کا ورلڈ ڈویلپمنٹ انفارمیشن ڈے پر پیغام

پنجاب میں ترقی کا نیا دور شروع ہو چکا ہے ، مریم نواز کا ورلڈ ڈویلپمنٹ انفارمیشن ڈے پر پیغام

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ورلڈ ڈویلپمنٹ انفارمیشن ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عوام میں ترقی کے بارے میں بڑھتا ہوا شعور ایک خوش آئند تبدیلی ہے، اور پنجاب میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے اس دن کو منانے کا مقصد عوامی مسائل اور ترقیاتی ضروریات کی اہمیت کو اجاگر کرنا قرار دیا۔

مریم نواز نے کہا کہ پائیدار ترقی اور مؤثر ابلاغ عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ پنجاب میں صحت کے شعبے میں تین ہزار سے زائد مراکز صحت اور ہسپتالوں کی تعمیر، مرمت اور بحالی کا منصوبہ ایک تاریخی قدم ہے، جبکہ 20 ہزار سے زائد سڑکوں کی تعمیر و مرمت ایک بڑی کامیابی ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ’’ستھرا پنجاب‘‘، 1100 الیکٹرو بسز اور ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ جیسے منصوبے ترقیاتی ابلاغ کی روشن مثال ہیں۔ ان منصوبوں سے نہ صرف عوام کی زندگی میں بہتری آئے گی بلکہ ترقی کے اہداف بھی حاصل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی اور مثبت تبدیلی کے لیے عوامی معلومات ضروری ہیں، اور اس سلسلے میں محکمہ اطلاعات کی خدمات قابلِ ستائش ہیں، جو عوام میں شعور بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

ٹیگز: