ہنگو:ہنگو میں دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی کے نتیجے میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکے سے ایس پی آپریشنز اسد زبیر سمیت تین اہلکار شہید جبکہ دو اہلکار زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں نے پہلے غلمینا کے علاقے میں واقع پولیس چیک پوسٹ کو بارودی مواد سے اڑا دیا، تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بعد ازاں ایس پی آپریشنز اسد زبیر دیگر اہلکاروں کے ہمراہ جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوئے تو درابن کے مقام پر ان کی گاڑی کو بارودی مواد سے نشانہ بنایا گیا۔
ڈی ایس پی خانزیب مہمند نے تصدیق کی کہ دھماکے میں ایس پی اسد زبیر اور دو پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہوئے، جبکہ دو اہلکار زخمی ہیں۔ زخمیوں اور شہداء کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ہنگو منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ اضافی نفری تعینات کر کے سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی ادارے دھماکے میں استعمال ہونے والے بارودی مواد اور دہشت گردوں کے ممکنہ ٹھکانوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔