عمران خان سمیت پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت اسٹیبلشمنٹ سے مصالحت چاہتی ہے: محمد علی درانی

عمران خان سمیت پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت اسٹیبلشمنٹ سے مصالحت چاہتی ہے: محمد علی درانی

اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ فنکشنل (پی ایم ایل-ف) کے سیکریٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات محمد علی درانی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ قیادت ٹکراؤ نہیں، مصالحت چاہتی ہے۔

  نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد علی درانی نے کہا کہ میری ملاقاتوں کا ایجنڈا وہی ہے جو عوام کی خواہش ہے، میں اس وقت جہاں بھی جاتا ہوں، وہاں عوام کی پریشانی دیکھتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کی خواہش دیکھتا ہوں تو پتا چلتا ہے کہ عوام یہ چاہتے ہیں کہ ملک میں ٹکراؤ کی کیفیت کم ہو اور عوام سمجھتے ہیں کہ ان کی مشکلات میں کمی بھی اس ٹکراؤ کی کیفیت میں کمی سے ہی ہوگی۔

سینئر سیاستدان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں میں نے جتنی بھی ملاقاتیں کی ہیں، یہ ملاقاتیں صدر مملکت، پی ٹی آئی کی قیادت اور اس کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ ہوئی ہیں، تو ان ملاقاتوں کے دوران اس چیز کا احساس ہوا ہے کہ تحریک انصاف کی موجودہ قیادت ٹکراؤ بلکل نہیں چاہتی، وہ مصالحت چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک مثبت سوچ موجود ہے جس کے نتیجے میں مجھے امید ہے وہ راستے نکلیں گے جو ملک کو اس وقت درپیش مسائل سے نکالیں گے۔

محمد علی درانی نے کہا کہ وہ رہنما کہتے ہیں ہم تو وہ لوگ ہیں جو سیاسی عمل کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میری عمران خان سے ملاقات نہیں لیکن جن لوگوں کی چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ ملاقات ہوئی ان کے مطابق عمران خانہر ایک سے ہر سطح پر بات چیت کے لیے تیار ہیں، عمران خان کا کہنا ہے کہ ہر ایشو پر بات چیت ہو سکتی ہے۔

محمد علی درانی نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کرنے والوں نے جو مجھے بتایا ہے، اسے مجھے ان کا ذہن یہی لگا ہے کہ وہ یہ سب چاہتے ہیں، عمران خان ایسے مفاہمت چاہتے ہیں جس کے نتیجے میں ملک اور جمہوریت آگے بڑھے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی موجودہ قیادت یہ سمجھتی ہے کہ ٹکراؤ والے جو لوگ تھے وہ تو چلے گئے ہیں۔

مصنف کے بارے میں