Get Alerts

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقوں کے طلباء کے لیے خصوصی تعلیمی پیکیج منظور

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقوں کے طلباء کے لیے خصوصی تعلیمی پیکیج منظور

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے طلباء کے لیے ایک خصوصی تعلیمی ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد متاثرہ خاندانوں کے مالی بوجھ میں کمی اور نوجوانوں کی تعلیم کا تسلسل یقینی بنانا ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ آفس کے مطابق، سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے تمام طلباء کی ایک سمسٹر کی فیس مکمل طور پر معاف کر دی گئی ہے، جبکہ بی ایس فرسٹ ایئر میں داخل ہونے والے طلباء کی داخلہ فیس بھی معاف کی گئی ہے۔

یہ سہولت مظفرگڑھ، ملتان، لودھراں، وہاڑی، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، چنیوٹ اور قصور کے طلباء کو دی گئی ہے۔ مذکورہ اضلاع میں واقع تمام یونیورسٹیوں میں رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں 20 دن کی توسیع کر دی گئی ہے تاکہ متاثرہ طلباء بغیر کسی دباؤ کے داخلہ لے سکیں۔

اس کے علاوہ، ہونہار مگر مالی طور پر کمزور طلباء کے لیے دستیاب "ہونہار اسکالرشپ" کی درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ "سیلاب کی تباہی کے باوجود ہم اپنے بچوں کی تعلیم کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔ میرا وعدہ ہے کہ متاثرین کی مکمل بحالی تک حکومت ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ تعلیم ہمارا مستقبل ہے اور ہم اس کی حفاظت ہر صورت کریں گے۔"
یہ اقدام سیلاب سے متاثرہ ہزاروں طلباء کے لیے امید کی کرن ہے اور پنجاب حکومت کی تعلیم دوست پالیسیوں کی عملی مثال بھی۔

ٹیگز: