لاہور: پنجاب حکومت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طلبہ کے لیے خصوصی ریلیف پیکیج پر غور شروع کر دیا ہے۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو سفارش کی ہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ کی رجسٹریشن اور سمسٹر فیس معاف کی جائے۔
وزیر تعلیم کے مطابق حتمی فیصلہ وزیر اعلیٰ کی منظوری کے بعد کیا جائے گا اور اس فیصلے کا اطلاق تمام پبلک کالجز اور یونیورسٹیوں پر ہوگا۔
صوبائی وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ اس اقدام سے سیلاب متاثرہ خاندانوں پر مالی بوجھ کم ہوگا اور طلبہ کو اپنی تعلیم جاری رکھنے میں سہولت میسر آئے گی۔ حکومت متاثرہ طلبہ کو تعلیم کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ کوئی طالب علم تعلیم سے محروم نہ رہے۔