قصور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قصور کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور فلڈ ریلیف کیمپ میں مقیم متاثرین کی خیریت دریافت کی۔ دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔
مریم نواز ریلیف کیمپ میں موجود خواتین اور بچوں میں گھل مل گئیں اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔ انہوں نے ایک کم سن بچے سے شفقت کا اظہار کرتے ہوئے اسے پیار بھی دیا، جس پر متاثرین نے ان کے ہمدردانہ رویے کو سراہا۔
وزیراعلیٰ نے ریلیف کیمپ میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ متاثرین کو تمام ممکنہ سہولیات فوری اور مؤثر انداز میں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی مکمل بحالی تک ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
مریم نواز کے اس دورے کو عوامی حلقوں میں خوب سراہا جا رہا ہے اور اسے متاثرین کے ساتھ عملی یکجہتی کی عمدہ مثال قرار دیا جا رہا ہے۔