ثنا میر نے انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

ثنا میر نے انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
کیپشن: پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز اور گرین جرسی زیب تن کرنا قابل فخر لمحہ ہوتا ہے، ثناء میر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور : قومی ویمن ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ثناء میر اپنے 15 سالہ کرکٹ کیرئیر کے اختتام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ تہہ دل سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مشکور ہیں جس نے انہیں 15 سال ملک کی نمائندگی کرنے کا موقع دیا اور یہ ان کے لیے بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے۔

ثناء میر نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز اور گرین جرسی زیب تن کرنا قابل فخر لمحہ ہوتا ہے، اب یہ وقت آگے بڑھنے کا ہے، انشاءاللہ خدمت کا یہ سلسلہ کسی اور انداز میں جاری رہے گا۔

ثناء میر نے اپنے کیرئیر میں 226 بین الاقوامی میچوں میں شرکت کی اور 2009-2017 تک 137 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان ٹیم کی قیادت کی۔ ثناء میر نے ایک روزہ کرکٹ کیرئیر کا آغاز دسمبر2005، کراچی میں سری لنکا کے خلاف کیا جب کہ آخری ایک روزہ میچ نومبر2019، لاہور میں بنگلا دیش کے خلاف کھیلا۔

ثناء میر نے 120 ایک روزہ میچوں میں 151 وکٹیں حاصل کرنے کے  ساتھ ساتھ 1630  رنز بنائے، ثناء میر کا شمار ان 9 خواتین کرکٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نےایک روزہ کرکٹ میں 100 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 1000 رنز بنائے۔اس فہرست میں آسٹریلیا کی لِسا اسٹالیکر کاپہلا نمبر ہے۔