Get Alerts

غزہ میں اسرائیلی حملوں میں مزید 50 سے زائد فلسطینی شہید، ہزار سے زائد عمارتیں تباہ

غزہ میں اسرائیلی حملوں میں مزید 50 سے زائد فلسطینی شہید، ہزار سے زائد عمارتیں تباہ

غزہ: اسرائیلی فوج کے حالیہ حملوں میں مزید 50 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ ایک ہزار سے زائد عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ قطری نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمالی غزہ میں اسرائیلی ٹینکوں نے شدید گولہ باری کی، جبکہ جنوبی اور وسطی علاقوں میں فضائی بمباری جاری رہی، جس کے نتیجے میں غزہ پر مکمل قبضہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

حملوں میں ہلاک ہونے والوں میں 24 امدادی کارکن بھی شامل ہیں، جبکہ بھوک اور غذائی قلت کی وجہ سے مزید 8 فلسطینی جاں بحق ہو گئے ہیں۔ غذائی قلت سے مرنے والوں کی تعداد 115 بچوں سمیت 289 تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق غزہ میں اب تک کل شہدا کی تعداد 62 ہزار 600 سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 57 ہزار سے زائد ہے۔

ادھر مقبوضہ مغربی کنارے کے رام اللہ میں اسرائیلی فوج نے 14 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

دوسری جانب، فلسطینی ریاست کی حمایت پر اسرائیل نے فرانس اور دیگر یورپی ممالک کو سخت وارننگ دی ہے۔ اسرائیلی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ یورپ کو اسرائیل اور حماس میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔

یمن کے دارالحکومت صنعا پر بھی اسرائیلی فضائی حملے کیے گئے، جن میں 6 افراد ہلاک اور 67 زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی طیاروں نے صدارتی کمپلیکس کے قریب میزائل گودام اور پاور اسٹیشن پر بمباری کی۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملے حوثی باغیوں کی جانب سے اسرائیل پر کیے گئے حملوں کے جواب میں کیے گئے۔

یہ یاد رہے کہ دو روز قبل یمن سے اسرائیل پر میزائل حملہ کیا گیا تھا جسے اسرائیل نے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

ٹیگز: