Get Alerts

پاکستان کا یوکرین میں فوری جنگ بندی، سفارت کاری اور بامعنی مذاکرات پر زور

پاکستان کا یوکرین میں فوری جنگ بندی، سفارت کاری اور بامعنی مذاکرات پر زور

نیویارک : پاکستان نے یوکرین میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے فوری اور مکمل جنگ بندی، سفارت کاری کی بحالی اور بامعنی مذاکرات کے آغاز پر زور دیا ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے یوکرین میں شہری آبادی کو پہنچنے والے نقصانات پر تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے تنازع میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور توانائی و خوراک کی اہم تنصیبات پر حالیہ حملوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حملے عالمی غذائی اور توانائی کے تحفظ کی پہلے سے نازک صورتحال کو مزید سنگین بنا رہے ہیں، جبکہ ان کے اثرات جنگ زدہ علاقے سے باہر بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ شہریوں، شہری بنیادی ڈھانچے اور انسانی امدادی کارکنوں کا تحفظ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت بنیادی ذمہ داری ہے اور تمام فریقین کو اس ذمہ داری کی پاسداری کرنی چاہیے۔انہوں نے سلامتی کونسل کی قرارداد 2774 کے لیے پاکستان کی حمایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان یوکرین کے معاملے پر سنجیدہ اور منظم مذاکرات، سفارت کاری اور کثیرالجہتی نظام کی حمایت کے اپنے مؤقف پر قائم ہے۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے سنجیدہ اور بامعنی مذاکرات ناگزیر ہیں، جبکہ اس مقصد کے لیے عسکری حل کی جستجو سے گریز کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد و اصولوں اور تمام فریقین کے جائز سلامتی کے مفادات سے ہم آہنگ باہمی طور پر قابلِ قبول پُرامن تصفیہ ہی دیرپا امن کے حصول کا واحد قابلِ عمل راستہ ہے۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان یوکرین تنازع کے منصفانہ، جامع اور پُرامن حل کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا

ٹیگز: