لاہور:جینیسس نے اپنی نئی فلیگ شپ الیکٹرک SUV GV90 کی تفصیلات جاری کردی ہیں، جسے جدید ٹیکنالوجی اور اعلیٰ درجے کی لگژری کا امتزاج قرار دیا جا رہا ہے۔ گاڑی 2028 ماڈل کے طور پر مارکیٹ میں آئے گی اور اس کا مقصد پریمیم SUV سیگمنٹ میں بڑے برانڈز کو سخت مقابلہ دینا ہے۔
GV90 میں 123.5 کلو واٹ آور بیٹری دی گئی ہے، جس کے ذریعے ایک چارج پر 310 میل سے زائد سفر کرنے کی توقع ہے۔ کمپنی کے مطابق 800 وولٹ فاسٹ چارجنگ کے ذریعے بیٹری کو 10 سے 80 فیصد تک تقریباً 22 منٹ میں چارج کیا جاسکتا ہے۔
الیکٹرک SUV میں دو موٹرز استعمال کی گئی ہیں جو مجموعی طور پر 657 ہارس پاور اور 590 پاؤنڈ فٹ ٹارک پیدا کرتی ہیں۔ گاڑی میں آل وہیل ڈرائیو، ایئر سسپنشن اور فور وہیل اسٹیئرنگ بھی شامل ہے۔
GV90 کا کیبن خاص طور پر لگژری خصوصیات کے لیے نمایاں ہے۔ مختلف سیٹنگ کنفیگریشنز میں سات افراد تک بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے، جبکہ GV90 Neolun میں چار سیٹوں والا ایگزیکٹو کیبن، گھومنے والی نشستیں، ریفریجریٹر اور فولڈنگ ٹیبلز جیسے فیچرز دستیاب ہوں گے۔
Neolun کے خاص ماڈل میں پِلر لیس کوچ ڈورز بھی دیے گئے ہیں، جنہیں جینیسس نے جدید حفاظتی ٹیکنالوجی اور خصوصی ڈور میکانزم کے ذریعے ممکن بنایا ہے۔
اندرونی حصے میں لکڑی، پتھر، لیدر، اون اور کیشمیئر جیسے پریمیم میٹریلز استعمال کیے گئے ہیں۔ ٹیکنالوجی کے لحاظ سے گاڑی میں 23.6 انچ کا مرکزی ڈسپلے، 25 اسپیکر Bang & Olufsen آڈیو سسٹم، جدید Pleos Connect انفوٹینمنٹ سسٹم اور AI اسسٹنٹ شامل ہیں۔
جینیسس نے ابھی GV90 کی قیمت کا اعلان نہیں کیا، تاہم گاڑی کی مارکیٹ میں آمد 2027 کے موسمِ گرما سے متوقع ہے۔