مارانیلو، اٹلی: عالمی شہرت یافتہ اطالوی کار ساز کمپنی فراری نے اپنی تاریخ کی پہلی مکمل الیکٹرک اسپورٹس کار 'لوس' (Luce) کے نام اور اندرونی ڈیزائن کی تفصیلات سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ یہ گاڑی لگژری ڈیزائن اور جدید ترین الیکٹرک ٹیکنالوجی کے ایک نئے باب کا آغاز قرار دی جا رہی ہے۔فراری 'لوس' صرف ایک الیکٹرک گاڑی نہیں بلکہ کارکردگی کا ایک مجموعہ ہے۔ کار کے چاروں پہیوں پر الگ الگ الیکٹرک موٹرز نصب کی گئی ہیں جو مجموعی طور پر 1000 سے زائد ہارس پاور فراہم کرتی ہیں۔
یہ کار صرف 2.5 سیکنڈ میں 0 سے 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار پکڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔فراری نے انجن کی مصنوعی آواز کے بجائے ایک ایسا سسٹم تیار کیا ہے جو الیکٹرک موٹر کی اصل لہروں (Vibrations) کو بڑھا کر ڈرائیور کو "حقیقی فراری" کا احساس دلائے گا۔
اس کار کا ڈیزائن ایپل کی مشہور مصنوعات کے خالق جونی آئیو اور مارک نیوسن کی کمپنی 'لوفرام' کے تعاون سے 5 سال کی محنت کے بعد تیار کیا گیا ہے۔
اندرونی حصے میں چمڑے کی اسپورٹی بکٹ سیٹس اور ایلومینیم کے سوئچز نصب ہیں۔ فراری نے جدید رجحان کے برعکس ٹچ اسکرین کے بجائے فزیکل بٹنز اور ٹوگل سوئچز کو ترجیح دی ہے تاکہ ڈرائیور کا فوکس سڑک پر رہے۔گیج پینل کے لیے جدید لیئرڈ OLED اسکرینز استعمال کی گئی ہیں جو معلومات کو انتہائی واضح انداز میں پیش کرتی ہیں۔
گاڑی میں شیشے کا بنا ہوا گیئر شفٹر اور ایک خاص کنسول کلاک شامل ہے جو سوئیوں کے ذریعے مختلف فنکشنز دکھاتا ہے۔ کار کی چابی کنسول میں رکھنے پر اپنا رنگ تبدیل کرتی ہے، جو اس کی لگژری میں مزید اضافہ کر دیتا ہے۔
فراری نے اعلان کیا ہے کہ کار کا مکمل بیرونی (Exterior) ڈیزائن مئی 2026 میں عالمی سطح پر پیش کیا جائے گا۔