چلی میں زلزلے کے بعد سونامی کا خطرہ، وارننگ جاری کردی گئی

چلی میں زلزلے کے بعد سونامی کا خطرہ، وارننگ جاری کردی گئی

سنتیاگو: لاطینی امریکہ کے ملک چلی کے جنوب مغرب میں 7۔7 شدت کے زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔امریکی ارضیاتی مرکز (یو ایس جی ایس)کے مطابق زلزلے کا مرکز جنوبی چلی میں پیورٹو مونٹ کے جنوب مغرب میں 225 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔ارضیاتی مرکز کے مطابق اس کی گہرائی 15 کلومیٹر تھی۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چلی کے ہنگامی حالات سے نمٹنے والے قومی ادارے کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں لوس لاگوس کے ساحلی علاقوں سے انخلا کا حکم جاری کیا گیا۔انتباہی بیان کے مطابق بیوبیو، لوس ریوس اور ایسن کے ساحلی علاقے خالی کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔دی پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر کا کہنا ہے کہ زلزلے کے مرکز سے 1000 کلومیٹر کے فاصلے خطرناک لہریں ساحلی علاقوں سے ٹکرا سکتی ہیں۔مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق زلزلے کے بعد کوئلون قصبے کے رہائشی بھی محفوظ مقامات پر نقل مکانی کر رہے ہیں۔