Get Alerts

قائداعظم کی بصیرت اور عزم آج بھی ہر نسل کے لیے سبق آموز ہے، مریم نواز

قائداعظم کی بصیرت اور عزم آج بھی ہر نسل کے لیے سبق آموز ہے، مریم نواز

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے قائداعظم محمد علی جناح اور مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف کے یوم پیدائش پر خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ "قائداعظم کی بصیرت اور عزم آج بھی ہر نسل کے لیے سبق آموز ہے۔"

مریم نواز نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی عظمت، حکمت، محنت اور دانائی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ "محمد علی جناح وہ عظیم رہنما تھے جنہوں نے منتشر قوم کو یکجا کر کے ان کی تقدیر بدل دی۔" انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی بصیرت اور عزم آج بھی ہر دل میں مشعلِ راہ ہے، اور وہ ہر نسل کے لیے ایک روشن مثال ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے محمد نواز شریف کی قیادت اور بے پناہ قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ "محمد نواز شریف وہ عظیم رہنما ہیں جنہوں نے اپنے عزم، بصیرت اور قربانی سے قوم کی تقدیر بدلی۔ قائداعظم نے پاکستان بنایا اور محمد نواز شریف نے پاکستان کو سنوارا۔"

مریم نواز نے مزید کہا کہ "محمد نواز شریف نے ہر بار قوم کو دہشت گردی اور معاشی مشکلات سے نجات دلائی۔" ان کا کہنا تھا کہ "قائداعظم کا خواب کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہو، محمد نواز شریف نے ایٹمی دھماکوں کے ذریعے پورا کیا۔"

وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب حکومت کے کام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "ہم محمد علی جناح اور محمد نواز شریف کی تعلیمات اور تجربے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔" ان کا کہنا تھا کہ "پنجاب حکومت کے ہر فیصلے کا محور قائداعظم کی تعلیمات اور نواز شریف کا تجربہ ہے۔"

آخر میں مریم نواز نے کہا کہ "محمد علی جناح نے قوم کو آزادی دی اور محمد نواز شریف نے قوم کو سہولت، امن اور ترقی دی۔" انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ قائداعظم کی تعلیمات اور محمد نواز شریف کی قیادت کے تحت پاکستان ہمیشہ روشن اور مضبوط رہے گا۔

ٹیگز: