سینیٹ الیکشن کے امیدواروں میں کون کس کا رشتہ دار؟

Who are the relatives of the candidates for the Senate election?
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: نجی ٹیلی وژن کی رپورٹ کے مطابق سینیٹ الیکشن کیلئے ارب پتی صعنتکاروں، سیاسی جماعتوں کے دیرینہ کارکنوں اور قریبی رشتہ داروں کو ٹکٹس دیئے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق حکمران جماعت تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبر پختونخوا سے جن گیارہ امیدواروں کو ٹکٹ دیئے ہیں ان میں سے ذیشان خانزادہ، لیاقت ترکئی، فیصل سلیم اور محسن عزیز ارب پتی کاروبای شخصیات ہیں۔

خبریں ہیں کہ لیاقت ترکئی خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم شہرام ترکئی کے والد جبکہ ذیشان خانزادہ اور فیصل سلیم سابق وزیر عاطف خان کے قریبی رشتہ دار ہیں۔

ڈاکٹر ہمایوں مہمند اور دوست محمد محسود کو ٹیکنوکریٹ کی سیٹوں کیلئے ٹکٹس جاری کئے گئے ہیں، یہ دونوں شخصیات وزیراعظم عمران خان کی قریبی دوست سمجھی جاتی ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف نے غریب عوام کیلئے احساس پروگرام کو نہایت احسن انداز میں چلانے اور فلک ناز چترالی کو دیرینہ کارکن ہونے کے ناطے خواتین کی مخصوص نشستوں پر کھڑا کیا ہے۔ اس کے علاوہ نجی اللہ خٹک کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ ان کا تعلق مڈل کلاس سے ہے۔

پی ٹی آئی نے اقلیتی سیٹ پر گردیپ سنگھ کو ٹکٹ دیا ہے جو آنجہانی سورن سنگھ کے قریبی رشتہ دار ہیں۔

خیال رہے کہ آنجہانی سورن سنگھ سابق چیف منسٹر خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی کابینہ میں شامل تھے، انھیں قتل کر دیا گیا تھا۔

جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے پارٹی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بھائی مولانا عطا الرحمان کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔

اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی نے جماعت کے پرانے اور وفادار ساتھیوں شازیہ طہماس کو خواتین کی نشست اور فرحت اللہ بابر کو جنرل نشست کا ٹکٹ دیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ایک ارب پتی بزنس مین عباس آفریدی کو جنرل نشست کا ٹکٹ جاری کیا ہے۔

جماعت اسلامی پاکستان کی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے اپنی پارٹی کے پرانے کارکنوں کو ہی سینیٹ انتخابات کیلئے ٹکٹس جاری کئے ہیں۔