شہباز شریف اور خورشید شاہ منی لانڈرنگ، کک بیکس کے مجرم ہیں: فیاض الحسن چوہان

Shahbaz Sharif and Khursheed Shah guilty of money laundering, kickbacks: Fayyaz-ul-Hassan Chauhan
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور خورشید شاہ منی لانڈرنگ، کک بیکس کے مجرم ہیں۔ آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن پر جتنے کیسز ہیں، ہم نے نہیں بنائے۔

گزشتہ روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور آصف زرداری کا چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کے ساتھ ظلم کیا جا رہا ہے۔ میں انھیں اس ظلم کو سہنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ عمران خان کا سپاہی سرخرو ہو کر نکلے گا۔

فیاض الحسن چوہان ڈسکہ انتخابات پر لیگی رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ جیتے تو راس لیلا، پی ٹی آئی جیتے تو کیریکٹر ڈھیلا، وزیر آباد میں مکس اچار پارٹی کا امیدوار 53 ہزار ووٹ جبکہ ڈسکہ میں اسجد ملہی 67 ہزار ووٹ لے رہے تھے۔ سارے مل کر الیکشن لڑتے ہیں اور ایک لاکھ 10 ووٹ لئے جبکہ ہمارے امیدوار نے ایک لاکھ 15 ہزار ووٹ لیے۔

مسلم لیگ (ن) کے قائر پر بھی تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سلطان مفرور الدین نواز شریف کا بیانیہ پٹ گیا ہے۔ بیگم صفدر میٹھا میٹھا ہپ، کڑوا کڑوا تھو تھو کی سیاست چھوڑ دیں۔ وزیراعظم عمران خان نے 20 پولنگ سٹیشنز میں ری پولنگ کا کہا ہے، ری پول ہونے پر دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم شفاف سسٹم چاہتے ہیں، اسی لیے اوپن بیلٹ کا کہتے ہیں۔ آپ اپنی مرضی کے ہیڈ ماسٹر پریذائیڈنگ افسر لگواتے رہے ہیں۔ یہ بغض عمران خان میں میثاق جمہوریت میں کئے معاہدے سے مکر رہے ہیں۔

لیگی رہنما پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر ان کا کہنا تھا کہ وہ پنجاب ہاؤس کے 90 لاکھ روپے کھا گئے، قانون کے مطابق 20 لاکھ سے زائد کا نادہندہ الیکشن نہیں لڑ سکتا۔ 2013ء میں نواز شریف اور شہباز شریف اربوں روپے کے نادہندہ تھے۔