دفتر سے چھٹی کی خواہش پر اغوا کا ڈرامہ رچا دیا

دفتر سے چھٹی کی خواہش پر اغوا کا ڈرامہ رچا دیا
سورس: File photo

واشنگٹن ،دفتر سے چھٹی کے لئے اغوا کا ڈرامہ کرنے والا پکڑا گیا ۔

دفتر سے چھٹی کی خواہش ہر کوئی رکھتا ہے لیکن اس خواہش کی تکمیل کے لئے اپنے آپ کے اغوا کرنے کا ڈرامہ کوئی کوئی ہی رچاتا ہے ۔  امریکی ریاست ایری زونا میں دفتر سے چھٹی کے لئے ملازم نے اپنے اغوا کا ڈرامہ کردیا ۔ 

میڈیا رپورٹ کے  مطابق ایریزونا کی پولیس کو ایمرجنسی نمبر سے ایک کال موصول ہوئی جس میں  سڑک کنارے پڑے دونوں ہاتھ کمر سے بندھے شخص کے بارے بتایا گیا۔پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر اس شخص کو اپنی تحویل میں لیا جس کی شناخت 19 سالہ برینڈن سولز کے نام سے ہوئی ۔ اس نے پولیس کو بتایا کہ اسے دو نقاب پوش افراد نے اغوا کرلیا تھا، اغوا کاروں نے اسے مارا اور بے ہوش کرکے سڑک کنارے پھینک دیا لیکن حقیقت اس کے برعکس تھی۔

برینڈن نے پولیس کو بتایا کہ اغوا کار اس سے رقم کا مطالبہ کررہے تھے جو اس کے والد کے اکاؤنٹ میں تھی ۔ پولیس نے تحقیقات تو کیں لیکن اس حوالے سے کوئی ثبوت نہ مل سکا ۔ 

اسی دوران تحقیقاتی اداروں کو سی سی ٹی وی فوٹیج ملی جس سے پتہ چلا کہ برینڈن نے اپنے اغوا کی من گھڑت کہانی سنائی ہے اس کو کسی نے اغوا نہیں کیا تھا اور نہ ہی کسی نے اس پر تشدد کیا تھا ۔ 

پولیس نے جب یہ فوٹیج برینڈن کو دکھائی تو اس کو تسلیم کرنا پڑا کہ اس نے اپنے اغوا کا ڈرامہ کیا تھا اور اس کو کسی نے اغوا نہیں کیا تھا ۔ برینڈن نے پولیس کو بتایا کہ حقیقت میں وہ اس روز آفس نہیں جانا چاہ رہا تھا اور اچانک اس کے دماغ میں اغوا کا ڈرامہ کرنے  کا پلان آیا ۔ 

 برینڈن کے مطابق اس نے شکن زدہ رومال منہ میں ٹھونس لیا اور اپنے لیدر بیلٹ سے ہاتھوں کو پیچھے کی رخ باندھ لیا اور سڑک کنارے گرگیا۔

پولیس نے جھوٹی کہانی گھڑنے پر برینڈن کو حراست میں لے لیا جب کہ اس کی کمپنی نے بھی اسے ملازمت سے برطرف بھی  کردیا۔