لندن : برطانیہ نے اعلان کیا ہے کہ آج سے برطانیہ کا سفر کرنے والے 85 ممالک کے شہریوں کو اپنی آمد سے پہلے الیکٹرانک اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ یہ اجازت نامہ حاصل نہ کرنے کی صورت میں مسافروں کو سفر سے روک دیا جائے گا۔
الیکٹرانک اجازت نامہ سکیم کے تحت وہ تمام افراد جو ویزا کے بغیر برطانیہ میں داخل ہو سکتے ہیں، انہیں 16 پاؤنڈ آن لائن ادا کر کے اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔ یہ سکیم پہلی مرتبہ 2023ء میں متعارف کرائی گئی تھی، اور گزشتہ برس اپریل میں یہ پابندیاں صرف یورپی یونین کے ممالک کے شہریوں پر لاگو کی گئی تھیں، تاہم ان پر اس وقت سختی سے عمل نہیں کیا گیا تھا۔
اب سے یہ ضروری ہوگا کہ برطانیہ جانے والے تمام افراد کے پاس الیکٹرانک اجازت نامہ، ای ویزا یا دیگر درست دستاویزات موجود ہوں۔ اگر کسی کے پاس یہ دستاویزات نہیں ہوں گی تو ایئر لائنز انہیں جہاز پر سوار ہونے سے روک دیں گی۔
اس سکیم سے برطانوی اور آئرلینڈ کے شہریوں یا دوہری شہریت رکھنے والے افراد، اور وہ لوگ جو برطانیہ میں رہنے کی اجازت رکھتے ہیں، مستثنیٰ ہوں گے۔