روم : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اطالوی وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان داخلی سکیورٹی تعاون، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور قانونی ہجرت کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ قانونی ہجرت کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت کے لیے 10,500 ورک ویزے جاری کیے جائیں گے۔ اطالوی وزیر داخلہ نے کہا کہ دونوں ممالک اس حوالے سے مزید تعاون بڑھائیں گے اور باہمی مفادات کے شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی۔
ملاقات کے دوران محسن نقوی نے اطالوی وزیر داخلہ سے درخواست کی کہ پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والوں کو اٹلی کے ویزے سے استثنیٰ دیا جائے، جس پر میٹیو پینٹے ڈوسی نے آمادگی ظاہر کی اور کہا کہ اس موضوع پر پہلے بھی بات چیت ہو چکی ہے۔
ملاقات میں انسداد منشیات، انسانی سمگلنگ اور دہشت گردی کے خلاف تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر بھی غور کیا گیا۔ دونوں وزرائے داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات کو سراہا اور پاکستانی حکومت کے ایئرپورٹس اور سمندری سرحدوں پر نگرانی کے مؤثر اقدامات کے باعث غیر قانونی امیگریشن میں کمی پر بھی گفتگو کی۔
اطالوی وزیر داخلہ نے پاکستان کی پالیسی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انسانی سمگلنگ اور منشیات کے خلاف پاکستانی اداروں کی کامیابیاں قابل تحسین ہیں۔
ملاقات میں پنجاب پولیس کے افسران نے پولیس خدمت مراکز گلوبل کی افادیت پر بریفنگ دی، جسے اطالوی حکام نے سراہا۔
ملاقات میں اٹلی میں پاکستان کے سفیر علی جاوید، ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، ایم ڈی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی احسن یونس، سینئر پولیس افسران عابد خان اور سہیل چوہدری بھی موجود تھے۔