لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں برسوں سے جاری تعمیراتی بے ترتیبی کو ختم کرنے کے لیے ایک مثالی منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ کے وژن کے مطابق اب پنجاب کے تمام شہروں میں تعمیرات کا معیار اور ڈیزائن ایک جیسا ہوگا، جس کے لیے "ون پنجاب، ون سٹینڈرڈ" پالیسی نافذ کر دی گئی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرِ صدارت منعقدہ خصوصی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ تعمیرات میں عالمی معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس پالیسی کے اہم خدوخال یہ ہیں۔
اب صوبے کے تمام سرکاری منصوبوں، عمارتوں اور عوامی جگہوں کا ڈیزائن ایک مخصوص معیار کے مطابق ہوگا۔ منصوبے کا مقصد یہ ہے کہ ترقی کے ثمرات صرف بڑے شہروں تک محدود نہ رہیں بلکہ راجن پور جیسی دور دراز تحصیلوں میں بھی وہی معیار نظر آئے جو لاہور میں ہے۔ سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر میں خوبصورتی اور پائیداری کے عالمی اصول اپنائے جائیں گے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے واضح کیا کہ تعمیرات میں نظم و ضبط لائے بغیر حقیقی ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا پنجاب اب ایک رنگ اور ایک معیار سے پہچانا جائے گا۔ ہم ہر ادارے کو نظم و ضبط کا شاہکار اور ہر گلی کو سگھڑ بنائیں گے۔ تعمیراتی بے ترتیبی کا خاتمہ ہماری ترجیح ہے۔
اس تاریخی فیصلے سے نہ صرف صوبے کا نقشہ بدلے گا بلکہ تعمیراتی مواد کے معیار میں بھی بہتری آئے گی۔ ماہرین کے مطابق، ڈیزائن میں یکسانیت سے تعمیراتی لاگت میں کمی آئے گی اور منصوبوں کی نگرانی زیادہ شفاف طریقے سے کی جا سکے گی۔