لاہور :ممبر قومی سلیکشن کمیٹی عاقب جاوید نے قومی کپتان اور ہیڈ کوچ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کنڈیشنز کو مدنظر رکھ کر تشکیل دی گئی ہے اور بابراعظم کا کردار ٹیم میں نہایت اہم ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے لیے ایک جیسی ٹیم یا چوائس ممکن نہیں کیونکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ ٹیسٹ کرکٹ سے بالکل مختلف ہیں۔
اس موقع پر قومی ٹیم کے کھلاڑی سلمان آغا نے کہا کہ سری لنکا میں زیادہ ہائی اسکورنگ میچز کی توقع نہیں ہے، کامیابی کے لیے اچھی اور سمجھدار کرکٹ کھیلنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ٹورنامنٹس میں قومی ٹیم کی کارکردگی تسلی بخش نہیں رہی، تاہم اس بار بہتر نتائج کے لیے پُرامید ہیں۔
ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ ٹیم اچھی تیاری کے ساتھ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میگا ایونٹ سے قبل آسٹریلیا کے خلاف سیریز ٹیم کے مورال کو بلند کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔